بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

شوال کا چاند دیکھنےکے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں شروع

پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنےکے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی اموراسلام آباد میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہو رہا ہے۔اجلاس میں مختلف مکتب فکر کے علمائے کرام اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک ہیں۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیاں بیٹھ چکی ہیں، غروب آفتاب کے54منٹ بعد تک چاند دیکھا جاسکے گا، چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی جاری ہیں، چاند کی شہادتیں ملنے نہ ملنے کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے اجلاس میں مفتی محمد اسحٰق ساقی الازہری، مولانا محمدعارف سیالوی، مولانا شفیق احمد پسروری اور دیگر علما شریک ہیں۔اجلاس میں تکنیکی معاونت ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات پنجاب شاہد عباس کر رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں رویت کا دورانیہ 6 بج کر 19 منٹ سے 7 بج کر 21 منٹ تک ہے۔پشاور میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، شہر میں موسم ابر آلود ہے، کمیٹی چاند آنے یا نہ آنے کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کا اجلاس بھی شروع ہوگیا، اجلاس کی صدارت خطیب بلوچستان مولانا انوار الحق حقانی کررہے ہیں۔

اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی، محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شریک ہیں۔کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں جاری ہے۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ ملک میں عیدالفطر کا چاند آج 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو گی اور اس روز چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو گی۔غروبِ آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا اور اس دن مطلع صاف ہونے کے پیش نظر 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور اس طرح عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیے  وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری  مسترد کردی
Back to top button