پاکستان عملی تعاون کے ذریعے آسیان کے ساتھ شراکت داری کو نئی جہت دینے کا خواہاں ہے، اسحاق ڈار

پاکستان اور آسیان نے موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ، توانائی کی فراہمی میں تعطل اور سائبر خطرات سمیت غیر روایتی سیکیورٹی مسائل سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بات نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان عملی تعاون کے ذریعے آسیان کے ساتھ شراکت داری کو نئی جہت دینے کا خواہاں ہے، جس سے پورے خطے کے عوام کو فائدہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان وفد کی سطح پر مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی اور سماجی و ثقافتی تعاون مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملاقات میں عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے سمیت تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آسیان کے رکن ممالک کے ساتھ ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

جنوبی ایشیا کے تناظر میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے آسیان کے سیکرٹری جنرل کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے منصفانہ، پائیدار اور پُرامن حل کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ ہمارے پاس اپنی بنیاد مضبوط بنانے اور دیرینہ تعلقات کو مزید مؤثر تعاون اور دونوں جانب کے عوام کے لیے ٹھوس ثمرات میں تبدیل کرنے کے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آسیان ریجنل فورم میں ایک فعال کردار ادا کرتا رہا ہے اور ہم اعتماد سازی و سفارت کاری میں اس کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ آسیان جنوب مشرقی ایشیا میں باہمی احترام، مکالمے اور تنازعات کے پُرامن حل کے اصولوں پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

↑
Exit mobile version