پاکستان اور ترکمانستان نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط، ادارہ جاتی شراکت داری اور عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آج اسلام آباد میں پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے نائب چیئرمین کابینہ اور وزیر خارجہ رشید میردوف نے وزارت خارجہ میں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
فریقین نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ، ٹرانسپورٹ و مواصلات، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، تعلیم، صحت، بینکاری و مالیات، سیاحت، کھیل اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران بجلی کے شعبے میں تعاون، ٹرانزٹ تجارت اور علاقائی روابط کیلئے موجود مواقع بھی زیرغور آئے۔
نائب وزیراعظم نے مشترکہ ورکنگ گروپس، قریبی ادارہ جاتی تعاون اور دیرینہ دوستی کو ٹھوس فوائد میں تبدیل کرنے کیلئے مسلسل پیشرفت کی ضرورت پر زور دیا۔
بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان اور ترکمانستان نے اقتصادی تعاون کے لیے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کیے ہیں۔
جس سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط اور وسیع بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے دو ہزار چھبیس سے دو ہزار تیس کے عرصے کے لیے اپنی وزارتوں خارجہ کے درمیان تعاون کے پروگرام اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت میں تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کو خصوصی اہمیت حاصل رہی۔
نائب وزیراعظم نے ترکمانستان کے تجارتی سامان کی نقل و حمل کیلئے کراچی اور گوادر سمیت پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال کے عملی انتظامات تلاش کرنے کیلئے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تعاون، بشمول ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم نے پورے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے سفارتی کوششوں کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی اقتصادی منصوبوں سے باہمی روابط مضبوط بنانے، پائیدار ترقی اور باہمی تجارت کے فروغ میں مدد ملنی چاہیے۔
