اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی رونمائی کی شاندار تقریب

پاکستان کی ’’معرکۂ حق‘‘ میں فتح کی علامت یادگارِ فتح کی رونمائی کے لیے اسلام آباد میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کا مشترکہ انعقاد وزارتِ اطلاعات و نشریات اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے کیا۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے تقریب میں شرکت کی، جبکہ وزارت اور مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب کے خصوصی مہمان ملک کے وہ باصلاحیت نوجوان تھے جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

تقریب کا اہم حصہ یادگار کی عمارت پر تھری ڈی پروجیکشن میپنگ اور روشنیوں کے شاندار مظاہرے پر مشتمل تھا، جس میں معرکۂ حق میں پاکستان کی فتح کے سفر اور وطن کے دفاع میں عوام، پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور مسلح افواج کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

https://news.com.pk/wp-content/uploads/2026/10/yadgarefateh.mp4

تقریب میں ملک کے معروف اور ایوارڈ یافتہ گلوکاروں نے قومی نغمے پیش کیے اور شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

220 فٹ بلند یادگارِ فتح جدید ٹیکنالوجی اور فنِ تعمیر کا شاہکار ہے، جو قومی عزم، اتحاد، قربانی اور مسلح افواج کی بہادری کی علامت ہے۔ یہ یادگار ملک کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور معرکۂ حق کی یاد میں تعمیر کی گئی ہے۔

یادگارِ فتح منگل سے اتوار تک شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔ داخلہ مفت ٹکٹ کے ذریعے ہوگا، جو اس کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

↑
Exit mobile version