وزیراعلیٰ پنجاب کا بارسلونا کے شہری منصوبہ بندی ماڈل سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہری منصوبہ بندی، بالخصوص سڑکوں اور عوامی مقامات کو لوگوں کے لیے زیادہ سازگار بنانے میں ہسپانوی شہر بارسلونا کے شہری منصوبہ بندی کے طرزِ تعمیر سے مستفید ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے اس دلچسپی کا اظہار سپین کے سفیر کارلوس آراگون گل دے لا سرنا سے لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور سموگ سے نمٹنے میں بھی سپین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے سپین کے فیصلے کو سراہا اور اس اقدام پر ہسپانوی حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مریم نواز شریف نے جنگلات میں آتشزدگی، فضائی آلودگی اور گرمی کی لہر سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز دی۔

ہسپانوی سفیر نے سپین اور پنجاب کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

↑
Exit mobile version