کور کمانڈرز نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔
اس عزم کا اظہار آج راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا گیا، جس کی صدارت آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔
فورم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ صرف طالبان کی نام نہاد قیادت پر، جو بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی سہولت کاری کر رہی ہے، اس کے نتائج کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
کور کمانڈرز نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ہر وقت اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی مسلسل کامیاب کارروائیوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان اور وژن عزم استحکام کے مطابق غیر عسکری اقدامات بھی کیے جائیں، جن میں نچلی سطح پر عوامی حکمرانی، عوام کے ساتھ اہم روابط، مفاد پرستی کے تحت دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ اور پولیس کی استعدادِ کار میں اضافہ شامل ہیں۔
فورم نے داخلی استحکام کی اہمیت پر زور دیا اور کسی بھی بہانے سے بدامنی یا نو مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے بلا جھجک اور بلا امتیاز فیصلہ کن طور پر طاقت اور قانون کی حکمرانی کے تحت نمٹنے کا عزم ظاہر کیا۔
کانفرنس نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا اور دیرینہ تزویراتی اور مشترکہ دفاعی تعلقات میں اس کے کردار کو سراہا۔ فورم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان کے اصولی موقف اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے اپنے اختتامی کلمات میں فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
انہوں نے کمانڈرز کو خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور مختلف شعبوں کے انضمام کے ذریعے جنگی صلاحیتیں بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے ان شہداء کے لیے بھی فاتحہ خوانی کی جنہوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور ان کی عظیم قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
