پاکستان کی بھارت میں تاریخی شاہی مسجد کے حصے مسمار کرنے کی کوشش کی شدید مذمت

پاکستان نے بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں تاریخی شاہی مسجد کے بعض حصے مسمار کرنے کی کوشش کے بلا جواز اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

یہ بات وزارت خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے آج سہ پہر اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔

ترجمان نے مسلم کمیونٹی کے ارکان کے خلاف طاقت کے استعمال کی بھی مذمت کی جو مبینہ انہدام کی کوشش کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

سجاد حیدر خان نے کہا پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت میں مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کا فوری نوٹس لے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک اور سوال کے جواب میں ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کی گمراہ کن تشریح کے ذریعے ابہام پھیلانے کے بھارتی اقدام کو مسترد کردیا۔

اس فیصلے میں متفقہ اور دوٹوک الفاظ میں تصدیق کی گئی تھی کہ سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذالعمل ہے اور فریقین اس کے پابند ہیں۔

↑
Exit mobile version