وزیراعظم شہباز شریف نے ماہانہ اقتصادی جائزہ رپورٹ میں اہم معاشی اشاریوں میں بہتری کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا اگست میں ترسیلات زر میں سالانہ بنیاد پر سولہ اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک قیمتی قومی اثاثہ قرار دیا جو اپنی محنت کی کمائی اپنے گھروں کو بھیجتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا برآمدات میں چار فیصد اضافہ ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا حکومت برآمدی شعبے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا حسابات جاریہ کے خسارے میں کمی اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ معاشی استحکام کی جانب مثبت پیشرفت کی عکاسی کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیاں بہتر بنانے کے لیے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کا چھبیس ارب اسی کروڑ ڈالر تک پہنچنا ملک کے بیرونی شعبے میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام کے لیے اصلاحات اور موثر معاشی پالیسیوں پر عمل درآمد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے بڑے پیمانے کی مینوفیکچرنگ میں اضافے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ جولائی میں اس شعبے کی تین فیصد سے زائد شرح نمو حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرعی قرضوں میں اضافہ زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے معاشی شرح نمو مزید مستحکم کر لے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے فوائد عوام تک پہنچانے اور زیادہ روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کرنے کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
