نَشرا سندھو کی شاندار باؤلنگ، پاکستان ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

بائیں ہاتھ کی اسپنر نَشرا سندھو کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی مرتبہ چھ وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمنز نے اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے گروپ اے کے میچ میں ہانگ کانگ ویمنز کو 72 رنز سے شکست دے دی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ پاکستان سیمی فائنل میں 11 ستمبر، جمعہ کو سری لنکا کا مقابلہ کرے گا۔

144 رنز کے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے 28 سالہ نَشرا سندھو نے ہانگ کانگ کی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتی رہیں۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ پاکستان ویمنز کرکٹر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بہترین باؤلنگ کا نیا ریکارڈ بھی ہے۔ نَشرا سندھو نے اویمہ سہیل کی 2022 میں سری لنکا کے خلاف 5 وکٹوں کی کارکردگی کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ہانگ کانگ کی ٹیم 19ویں اوور میں 71 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار نے 35 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے شامل تھے۔ عائشہ ظفر نے 26 جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے جوی لین کور نے 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے گروپ اے میں تین میچوں میں دو فتوحات کے ساتھ چار پوائنٹس حاصل کیے اور گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

میچ کا مختصر اسکور:
پاکستان ویمنز: 143-8، 20 اوورز
ہانگ کانگ ویمنز: 71 آل آؤٹ، 19 اوورز
نتیجہ: پاکستان 72 رنز سے کامیاب
پلیئر آف دی میچ: نَشرا سندھو

Exit mobile version