گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آج کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور قومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ سندھ اور خیبر پختونخوا کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات مزید مضبوط بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے، اگر وفاق مضبوط ہوگا تو صوبے بھی مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے بین الصوبائی ہم آہنگی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبے ملک کی ترقی میں برابر کے شراکت دار ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور عوامی فلاح کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
