نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی و بین الاقوامی صورتحال، بالخصوص علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے اسحاق ڈار کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد مصر کے دوطرفہ دورے کی دعوت دی۔
دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
