یومِ دفاع و شہداء آج ملک بھر میں منایا جا رہا ہے

یومِ دفاع و شہداء آج ملک بھر میں قومی جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے جبکہ مادرِ وطن کو درپیش تمام خطرات کے خلاف اس کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا جا رہا ہے۔

6 ستمبر 1965ء کو بھارتی افواج نے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان پر حملہ کیا، تاہم پاکستانی قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

ملک بھر کی مساجد میں نمازِ فجر کے بعد پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

ریڈیو پاکستان آج یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کر رہا ہے، جن میں مادرِ وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں مزارِ قائد پر یومِ دفاع و شہداء کے سلسلے میں پروقار تبدیلیِ گارڈ کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے 72 کیڈٹس اور 8 خواتین کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل حسن فیصل تھے۔

Exit mobile version