وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں سیفی اسپتال کے کارڈیک ونگ کا افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل میں براہِ راست سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیفی اسپتال کا نیا کارڈیک ونگ کراچی میں طبی خدمات کے لیے ایک مرکزِ امتیاز ثابت ہوگا اور ملک بھر کے صحت کے اداروں کے لیے ایک مثال قائم کرے گا۔
وزیر خزانہ نے معیاری طبی سہولیات تک عوام کی رسائی بڑھانے میں نجی اداروں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کے صحت کے ادارے سرکاری شعبے کے طبی ڈھانچے پر دباؤ کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
