نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کل سے جمعہ تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے حوالے سے موسمیاتی ایڈوائزری جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
متاثر ہونے والے علاقوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات، چترال، دیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور اور گردونواح میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، جن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، دیامر، استور، مظفرآباد اور وادی نیلم شامل ہیں، میں بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کو سفر سے قبل موسم کی تازہ صورتحال معلوم کرنے اور رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیلاب سے متعلق ہنگامی صورتحال میں شہری مدد کے لیے 911 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
