وزیرِ مملکت اور پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ میں ڈیجیٹل فنانس، ٹوکنائزڈ کیپیٹل مارکیٹس، ریگولیٹری جدت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔
بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ مانیٹری اتھارٹی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو، سیکریٹری برائے فنانشل سروسز اینڈ دی ٹریژری اور قانون ساز کونسل کے ایک رکن سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران جدید مالیاتی مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ڈیجیٹل اثاثوں اور ٹوکنائزڈ مالیاتی مصنوعات کے لیے ایک منظم اور مؤثر ماحول تشکیل دینے میں ہانگ کانگ کے تجربے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے فن ٹیک، ویب تھری، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے مواقع بھی تلاش کیے گئے۔
ملاقاتوں کا مقصد ڈیجیٹل فنانس اور جدید مالیاتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔
