چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس، پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں، برآمدی امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد میں ادارے کے کردار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
انہیں پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں اور مقامی سطح پر مختلف فوجی سازوسامان کی تیاری اور ترقی کے ذریعے قومی دفاع کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور آزمائشیں بھی دیکھیں۔ اس موقع پر پی او ایف کی جدت، خود انحصاری اور پاکستان کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔
فیلڈ مارشل کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد کارپوریٹائزیشن کے عمل میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
انہیں مقامی پیداوار اور استعداد میں اضافے کے لیے جاری اقدامات کے تحت دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔
دورے کے اختتام پر پاکستان کے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
