وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت اور فراخدلانہ معاونت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر اسلام آباد میں وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی۔
شہباز شریف نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داری کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنے دورِ سفارت کے دوران وزیراعظم اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی گرمجوشی، تعاون اور میزبانی پر گہری تشکر کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو ایک یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اعادہ کیا۔
