وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔ واقعے میں 14 نومولود بچوں کی موت ہوئی۔
سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پمز اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت کو معطل کرتے ہوئے انہیں اجلاس سے جانے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے جاں بحق نومولود بچوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک واقعے پر ہمارے دل انتہائی غمزدہ ہیں اور ہم متاثرہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
دریں اثنا، سیکریٹری صحت محمد اسلم غوری کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
سیکریٹری ہاؤسنگ ریٹائرڈ کیپٹن محمد محمود کو سیکریٹری صحت کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔
