سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام اور تکنیکی مسائل کے حل کے لیے ملک بھر میں 20 لاکھ سے زائد سمارٹ بجلی میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔
وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ریکوری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران لکی مروت اور کرک کے تیل و گیس کے شعبوں سے او جی ڈی سی ایل اور دیگر کمپنیوں نے 72 ارب 126 ملین مکعب فٹ گیس اور 6.73 ملین بیرل تیل پیدا کیا۔
توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر قومی صحت خدمات سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت ادویات کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادویات کی قیمتوں اور منظوری سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے کے لیے چھ وزراء پر مشتمل کابینہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
وزیر قومی صحت نے کہا کہ پاکستان میں استعمال ہونے والی تقریباً 85 فیصد ادویات مقامی طور پر تیار کی جاتی ہیں، جبکہ مارکیٹ میں بعض غیر رجسٹرڈ ادویات کی دستیابی سے متعلق خدشات کو دور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کا عمل، جو پہلے ڈھائی سال تک جاری رہتا تھا، اب آن لائن پورٹل کے ذریعے صرف ایک فارم پُر کرکے 20 دن میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے سینیٹ میں سینیٹر علی ظفر کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کے پینل نے معائنہ کرکے انہیں صحت مند قرار دیا ہے جبکہ اپوزیشن نے بھی ان کی صحت بہتر ہونے کی بات کی ہے۔
وزیر قومی صحت خدمات سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں سی ٹی اینجیوگرافی کی دو مشینیں فعال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مریض کی اہم جسمانی علامات معمول کے مطابق ہوں تو اسے سی ٹی اینجیوگرافی یا دیگر طریقہ کار کے لیے ریفر نہیں کیا جا سکتا۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔
سینیٹ کا اجلاس اب جمعہ کو صبح ساڑھے دس بجے دوبارہ ہوگا۔
