عید میلاد النبی ﷺ کل مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت سے منائی جائے گی

عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کل ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔

نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام آج رات اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں خصوصی محفل نعت بھی منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر سے معروف نعت خواں شرکت کریں گے۔

عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی پروگرام کے طور پر بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کل وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوگی۔

ملک کے تمام شہروں میں میلاد کے جلوس نکالے جائیں گے، جن میں علما اور خطبا حضرت محمد ﷺ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے اور آپ ﷺ کی تعلیمات و سنت پر عمل کرنے کی تلقین کریں گے۔

اس موقع پر گلیوں، سڑکوں، عمارتوں، مساجد اور گھروں کو سبز جھنڈیوں، جھنڈیوں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔

Exit mobile version