وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے بچوں، خواتین اور دیگر کمزور طبقات کو غذائی قلت اور مائیکرو نیوٹرینٹ کی کمی سے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان اللہ سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں مائیکرو نیوٹرینٹس کی کمی سے نمٹنے، ماں اور بچے کی غذائیت بہتر بنانے اور پاکستان بھر میں غذائیت سے بھرپور اشیائے خورونوش تک رسائی بڑھانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نمک، گندم کے آٹے اور خوردنی تیل سمیت بنیادی غذائی اشیا کی بڑے پیمانے پر فورٹیفکیشن مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اسے آبادی کے بڑے حصے تک غذائی اجزا پہنچانے کا مؤثر اور کم لاگت ذریعہ قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے جاری تکنیکی معاونت کو سراہا اور گندم کے آٹے کی فورٹیفکیشن مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
رانا تنویر حسین نے متعلقہ حکام کو صوبائی سطح پر متعلقہ قوانین اور ضوابط پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے اور ترقیاتی شراکت داروں و صوبائی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی، تاکہ غذائیت اور فوڈ فورٹیفکیشن کے اقدامات سے صحت عامہ اور غذائی تحفظ میں عملی بہتری لائی جا سکے۔
