آل پارٹیز حریت کانفرنس نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی کشیدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اے پی ایچ سی کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ دنیا کو کشمیر میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی ریاستی دہشت گردی سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع اور جنوبی ایشیا میں ممکنہ جوہری فلیش پوائنٹ ہے۔
ترجمان کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا وہ چنگاری ثابت ہو سکتا ہے جو جنوبی ایشیا کے جوہری بحران کو بھڑکا دے، جس کے پورے خطے اور اس سے باہر بھی تباہ کن نتائج ہو سکتے ہیں۔
عبدالرشید منہاس نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مسلسل تاخیر علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
