پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (PESS) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم ہلال امتیاز (ملٹری) نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران و جوان متحد ہیں۔
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پاکستان کی مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز اور دفاعی بجٹ سے تنخواہ لینے والے سول ملازمین کے 30 لاکھ سے زائد سابق اہلکاروں کی نمائندگی کرنے والا پلیٹ فارم ہے۔
سوسائٹی نے پاکستان کی مسلح افواج اور اس کی قیادت کو بدنام کرنے کی مبینہ مہم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلح افواج کے مقدس ادارے کے خلاف جاری مہم کی شدید مذمت کرتی ہے۔
بیان میں سیاسی مقاصد کے تحت دیے جانے والے توہین آمیز اور ہتک آمیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے بیانات پوری قوم کے لیے باعث تشویش ہیں اور پاکستان کے دشمنوں کے لیے باعث اطمینان ہیں، جو ملک کی پیشہ ور اور بہادر مسلح افواج کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے مسلح افواج کے جوانوں اور افسران کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں تینوں سروسز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق گزشتہ سال بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر کارروائی اور حالیہ عرصے میں تیسری عالمی جنگ کے خطرے کو ٹالنے کے لیے بین الاقوامی سفارتی کوششوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے میں کردار ادا کیا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار اہم رہا۔
سوسائٹی نے قومی اتحاد، برداشت اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مقصد کے لیے پختہ عزم کے ذریعے خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے ارکان نے تاریخ کے اس اہم مرحلے پر مسلح افواج کے ادارے اور اس کی قیادت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
