چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے قوم کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس تاریخی موقع پر مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریکِ آزادی کے بانیان اور ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں کے نتیجے میں آزادی کا خواب ایک خودمختار پاکستان کی حقیقت میں تبدیل ہوا۔ مسلح افواج نے کہا کہ ان کی بصیرت، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
مسلح افواج نے شہداء کی عظیم قربانیوں، غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی کاوشوں اور ہر اس پاکستانی کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا جس نے ملک کی خدمت کی۔
مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر خطرے کے خلاف مادرِ وطن کا دفاع، آئین کی پاسداری اور عوام کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کو پوری دیانت داری سے نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
مسلح افواج نے کہا کہ قوم کے ساتھ متحد ہو کر امن و استحکام کے تحفظ اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔ یومِ آزادی کے موقع پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید، قومی یکجہتی کے فروغ اور برداشت کو تقویت دینے کے ساتھ ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔
