صدر مملکت آصف علی زرداری نے سنگاپور کے 61ویں قومی دن کے موقع پر صدر تھرمن شنموگرارتنم، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے اپنے خط میں کہا کہ پاکستان سنگاپور کی قومی تعمیر اور معاشی تبدیلی کے شاندار سفر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور کی کامیابی استقامت، جدت اور ترقی کی ایک متاثر کن مثال ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور سنگاپور کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستی باہمی اعتماد، خیرسگالی اور عوامی سطح پر مضبوط روابط کی بنیاد پر مسلسل مستحکم ہوئی ہے۔
صدر مملکت نے ڈیجیٹل معیشت، گرین ٹیکنالوجی، بحری اور لاجسٹکس روابط، شہری منصوبہ بندی، فنی تربیت، تعلیمی و ثقافتی تبادلوں اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سنگاپور کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
