وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور پٹرولیم کے شعبے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک اور سفارتی کامیابیوں کے حصول کے بعد پاکستان کی اگلی بڑی منزل پائیدار معاشی ترقی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت محدود مالی وسائل کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف طریقہ کار متعارف کرایا ہے، جس کے تحت قیمتوں سے متعلق تمام حسابات آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت پٹرولیم کے شعبے میں شفافیت کو برقرار رکھنے اور توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
