نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے تمام برادر ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان حال ہی میں طے پانے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے کے ان تمام ممالک کے لیے کھلا ہے جو اس کے بنیادی اصولوں کی پاسداری اور باہمی احترام و پرامن ذرائع سے اختلافات کے حل کے لیے تیار ہوں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں سے ہم آہنگ ہے، جو تمام تنازعات کے پرامن حل کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار کے مطابق یہ معاہدہ کئی برسوں کے مذاکرات اور باہمی رابطوں کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد امن و سلامتی کے مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانا اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان یا دیگر ممالک اور تنظیموں کے ساتھ موجود کسی دوطرفہ یا کثیرالجہتی معاہدے کو منسوخ یا تبدیل نہیں کرتا۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر بیرونی مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت انفرادی اور اجتماعی دفاع کے فطری حق سے مطابقت رکھتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں۔ اس کا بنیادی مقصد وسیع تر خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے جاری کوششوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
