اسلام آباد میں انڈونیشیا کے سفارتخانے نے انڈونیشیا کے 81ویں یومِ آزادی کی تقریبات سے قبل مختلف سرگرمیوں پر مشتمل ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا، جس میں روایتی کھیل، کھیلوں کے مقابلے، انڈونیشی کھانوں کا میلہ اور کمیونٹی اجتماع شامل تھا۔
تقریب کا آغاز سفارتخانے کے احاطے میں واقع گارودا لان میں کمیونٹی جم پروگرام سے ہوا، جس میں پاکستان میں مقیم سیکڑوں انڈونیشی شہریوں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ ورزش کی حرکات انڈونیشی طالب علم رامہ فوزان اور ان کی پاکستانی ہم منصب مریم نے پیش کیں۔
تقریب میں پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر چندرا ڈبلیو سوکوتجو اپنی اہلیہ تامارا وائی سوکوتجو کے ہمراہ شریک ہوئے۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم انڈونیشی شہریوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
شرکاء میں انڈونیشی سفارتکار اور ان کے اہل خانہ، طلبہ، پائلٹس، صحافی، پاکستان میں مختلف عالمی اداروں سے وابستہ عملہ اور پاکستانی شہریوں سے شادی شدہ انڈونیشی خواتین شامل تھیں۔ بائیو فارما سے وابستہ ہیرویننگ وجی کالپیکو بھی تقریب میں موجود تھیں، جو ممکنہ مشترکہ ویکسین کی تیاری کے حوالے سے پاکستانی حکام کے ساتھ تعاون کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔
اس موقع پر سفیر چندرا ڈبلیو سوکوتجو نے انڈونیشی اور پاکستانی دوستوں کو ایک جگہ جمع دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرکاء کی موجودگی دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور عوامی سطح پر مضبوط روابط کی عکاس ہے۔
تقریب کے دوران شرکاء کو انڈونیشیا کے صوبہ کلیمانتان کے روایتی باتک ڈیزائن والی سرخ اور سفید شرٹس بھی پیش کی گئیں، جو انڈونیشیا کی ثقافتی ورثے اور قومی فخر کی علامت ہیں۔
تقریب کی ایک اہم سرگرمی انڈونیشی کھانوں کا بازار تھا، جہاں ناسی پڈانگ، سیومائے اکان، بکسو کوآ، ایس چنڈول، پیکک، مینڈوان اور کچانگ تلور سمیت مختلف روایتی کھانے پیش کیے گئے۔
تقریب میں بچوں اور بڑوں کے لیے روایتی انڈونیشی کھیل بھی منعقد ہوئے، جن میں ساک ریس، رسہ کشی اور ٹماٹر ڈانس شامل تھے۔
اس کے علاوہ بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، والی بال اور فٹسال کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد ٹیم ورک، صحت مند مسابقت اور باہمی دوستی کو فروغ دینا تھا۔
انڈونیشیا کی سفارتخانے نے تقریب کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے منتظمین، رضاکاروں، شرکاء اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں انڈونیشیا کے یومِ آزادی کے حوالے سے "انڈونیشیا خودمختار، منصفانہ اور خوشحال” کے پیغام کو بھی اجاگر کیا گیا۔
