پاکستان اور ڈنمارک نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک سیکٹر تعاون پروگرام (Strategic Sector Cooperation Programme) کے آغاز کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے۔
مفاہمتی یادداشت پر پاور ڈویژن کے سیکریٹری ڈاکٹر فخرِ عالم عرفان اور پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر مایا ڈیروس مورٹینسن نے دستخط کیے، جبکہ تقریب میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری بھی موجود تھے۔
یہ حکومت سے حکومت کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کا ایک اہم معاہدہ ہے، جس کے تحت ڈنمارک کے ماہرین پاکستانی وفاقی توانائی اداروں کو براہِ راست تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔
اس تعاون کا مقصد پاکستان میں سبز توانائی (گرین انرجی) کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کرنا، توانائی کے شعبے میں استعداد کار بڑھانا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی کے لیے قومی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔
