پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 کو 47 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔ روائل فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 گیندوں پر ناقابلِ شکست 68 رنز اسکور کیے، جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کومل خان نے 23، ذوفشاں ایاز نے 11 اور راحیمہ سید نے 8 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ فضہ فیاض 7 رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے میا لالور، ایشلی وان وِک اور ریبیٹسوے ڈیتھوپے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 کی پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 78 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستانی باؤلرز نے عمدہ لائن اور لینتھ کے ساتھ نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے حریف بیٹنگ لائن اپ کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
پاکستان کی اس شاندار کامیابی میں روائل فرحان کی ناقابلِ شکست 68 رنز کی اننگز فیصلہ کن ثابت ہوئی، جبکہ آل راؤنڈ عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم نے 47 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
