پاکستان اور چین نے تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے شنگھائی میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مسلسل مضبوط اور مستحکم انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
دونوں فریقوں نے سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور مسلسل مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی بین الاقوامی فورمز پر بھی باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
