سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 24 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں حالیہ دہشت گرد حملوں، پولیس پر بڑھتے ہوئے حملوں اور گاڑی میں نصب خودکش بم دھماکے کے بعد، جن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف وسیع پیمانے پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شروع کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور ملحقہ علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں آپریشنز جاری رہیں گے اور ان بزدلانہ اور گھناؤنے حملوں میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام” وژن کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
