وزیراعظم کی کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات پر تیز رفتار عملدرآمد کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے حکومتی پالیسی اقدامات اور آسان کاروبار ایکٹ 2025 پر تیز رفتار عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وہ اسلام آباد میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے اقدامات کی مؤثر عملداری اور نتائج کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر عملدرآمد کی جامع رپورٹ جلد از جلد تیار کرکے پیش کی جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے وزارتِ قانون و انصاف، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC)، بورڈ آف انویسٹمنٹ، وزارتِ تجارت، وزارتِ صنعت و پیداوار اور دیگر متعلقہ اداروں کی قانون سازی اور پالیسی سازی کی کوششوں کو سراہا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کاروبار کے لیے غیر ضروری ضابطہ جاتی تقاضوں، کاغذی کارروائی اور منظوری کے پیچیدہ مراحل کم کرنے کے لیے 558 اصلاحات مکمل کی جا چکی ہیں۔ ان میں سے 71 اقدامات پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ہے، جبکہ 272 اقدامات پر تیزی سے عمل جاری ہے۔ یہ اصلاحات مختلف شعبوں میں سات مراحل میں نافذ کی جا رہی ہیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان اصلاحات سے کاروباری برادری کو 468.7 ارب روپے کی متوقع بچت ہوگی، جبکہ غیر ضروری ضابطوں اور پیچیدہ کاغذی کارروائی کے خاتمے سے برآمدات میں اضافہ، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور نئے روزگار کے مواقع پیدا ہونے میں بھی مدد ملے گی۔

Exit mobile version