پاکستان اور پرتگال نے سیاسی روابط کو مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری، افرادی قوت کی نقل و حرکت، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بات چیت اسلام آباد میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے چوتھے دور کے دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے دوران ہوئی۔دونوں ممالک نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط میں اضافے، بندرگاہی رابطوں اور زیتون کی کاشت و پراسیسنگ کے شعبوں میں تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی۔پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری (یورپ) سفیر عائشہ علی نے کی، جبکہ پرتگالی وفد کی سربراہی خارجہ پالیسی کی ڈائریکٹر جنرل سفیر ہیلینا مالکاٹا نے کی۔دونوں فریقین نے باقاعدہ سیاسی مکالمے کے تسلسل اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
