سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے اپنے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کریں۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں خواتین سے متعلق او آئی سی کی نویں وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن ممالک کے مندوبین کا خیرمقدم کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے او آئی سی کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ بچیوں کی تعلیم، خواتین کی قیادت، کاروبار، مالیاتی امور میں شمولیت اور خواتین کے خلاف تشدد سے تحفظ کے لیے واضح اور قابلِ پیمائش اہداف مقرر کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیم، ڈیجیٹل سہولتوں اور مالی وسائل تک رسائی، کاروباری مواقع اور باعزت روزگار کے مواقع کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور پارلیمنٹ خواتین کو بااختیار بنانے کے مشترکہ مقصد کے تحت او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، تاکہ مشترکہ مذہب، اقدار اور امنگوں کی بنیاد پر اس مقصد کو آگے بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کی آبادی کا تقریباً نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے، اور کوئی بھی ملک اس وقت تک جامع ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہ اپنی نصف آبادی کو معاشی اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع نہ دے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے تعلیم، حکمرانی، سائنس، سفارت کاری، کاروبار اور عوامی خدمت کے شعبوں میں مسلم خواتین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور ان کا وژن آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
