وزیراعظم کا دورۂ قطر، امیرِ قطر سے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

وزیراعظم محمد شہباز شریف آج ایک روزہ دورۂ قطر پر دوحہ پہنچے اور ریاستِ قطر کے امیرِ والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پرحکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کی قیادت اور عوام سے بالمشافہ تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔

دوحہ میں وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ریاستِ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور امیرِ والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مرحوم امیرِ والد کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی غیرمعمولی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے لیے مرحوم امیرِ والد کی گرمجوشی، شفقت اور دیرینہ محبت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کو بھی قدر و منزلت سے یاد کیا۔

وزیراعظم نے اس گہرے صدمے کی گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قطری شاہی خاندان اور قطر کی برادر عوام کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

امیرِ قطر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا ذاتی طور پر دوحہ آکر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس جذبے کو دونوں برادر ممالک اورعوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔

Exit mobile version