وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گندم کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام، مارکیٹ کی مؤثر نگرانی اور عوام کو مناسب قیمت پر گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی۔
انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد میں ویٹ بورڈ کے نویں اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک بھر میں گندم کی پیداوار، دستیابی، خریداری اور مارکیٹ میں قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران صوبائی نمائندوں نے بتایا کہ ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی علاقے میں گندم کی قلت نہیں ہے۔
ویٹ بورڈ نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ گندم کی متوقع پیداواری ہدف حاصل کر لیا گیا ہے اور ملک کے پاس گندم کے کافی ذخائر موجود ہیں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ صوبائی حکومتیں گندم کی مارکیٹ پر کڑی نظر رکھیں اور مؤثر مارکیٹ مینجمنٹ کو یقینی بنائیں تاکہ مصنوعی قلت یا قیمتوں میں غیر ضروری اضافے سے بچا جا سکے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطہ مزید مضبوط بنائیں، مارکیٹ کی مسلسل نگرانی کریں اور گندم کی ہموار فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے یا بلاجواز قیمتیں بڑھانے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائیں۔
