وزیراعظم کا پاکستان اور کروشیا کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کروشیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، خصوصاً تجارت و سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، رابطہ کاری، زراعت، سیاحت اور ہنر مند افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے آج اسلام آباد میں کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلچ ریڈمین سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم نے کروشین وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔

شہباز شریف نے کروشیا کے صدر زوران میلانووچ اور وزیراعظم آندرے پلینکووچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو مناسب وقت پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلچ ریڈمین نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کے مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کروشیا کی حکومت پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔

Exit mobile version