وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کے لیے "انویسٹ پاک” پورٹل کا افتتاح کر دیا

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انفرادی اور کارپوریٹ سرمایہ کاروں کے لیے آن لائن "انویسٹ پاک (InvestPak)” پورٹل کا افتتاح کر دیا۔

کراچی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ انفرادی سرمایہ کار ایزی پیسہ یا جاز کیش اکاؤنٹ کے ذریعے صرف پانچ ہزار روپے سے بھی سرمایہ کاری کا آغاز کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پورٹل ملکی کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے فروغ، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور قومی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت اب مثبت سمت میں گامزن ہے اور حوصلہ افزا معاشی اشاریوں کی بدولت ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ انویسٹ پاک ایک ایسا جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جہاں سرمایہ کار رجسٹریشن، آئی پی ایس (IPS) اکاؤنٹ کھولنے اور سرکاری سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری سمیت تمام مراحل ایک ہی جگہ پر مکمل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پورٹل تیز رفتار، شفاف اور آسان نظام فراہم کرتا ہے، جس سے انفرادی (ریٹیل) اور کارپوریٹ دونوں قسم کے سرمایہ کار مستفید ہو سکیں گے۔

Exit mobile version