وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ معیشت میں ساختی اصلاحات (Structural Reforms) کو آگے بڑھایا جائے گا، پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھا جائے گا اور سرمایہ کاری و پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔
وہ پیر کے روز کراچی میں پاکستان بزنس کونسل (PBC) کے اراکین سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر خزانہ نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اہم معاشی اور پالیسی امور پر تعمیری مکالمے کو فروغ دینے میں پاکستان بزنس کونسل کے مسلسل کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کی تجاویز کو اہمیت دیتی ہے۔
محمد اورنگزیب نے بجٹ کی تیاری کے حکومتی طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے مشاورتی عمل کا آغاز ہے، نہ کہ بجٹ کے بعد ہونے والا جائزہ اجلاس۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اس سال بجٹ سازی کا عمل معمول سے کہیں پہلے شروع کر دیا ہے تاکہ مالی منصوبہ بندی زیادہ منظم، جامع اور مشاورت پر مبنی ہو سکے۔
اجلاس کے دوران پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں نے کونسل کو ملک گیر کاروباری نمائندہ پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کاروباری برادری کی آواز مؤثر انداز میں حکومت تک پہنچانے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
نمائندوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے حکومت اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے برآمدکنندگان کے درمیان مسلسل رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ملکی برآمدات میں مزید اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
