اسلام آباد پولیس نے پاکستان ایئر فورس کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت کے مقدمے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے بتایا کہ ملزم سعد عباسی کو جدید ٹیکنالوجی، بشمول مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے مطابق اے آئی کیمروں نے ملزم کی موٹرسائیکل اور لباس کی شناخت میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی جی اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گروپ کیپٹن عاصم طارق نے نائنتھ ایونیو پر ایک شخص کو خاتون کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کرتے دیکھا اور مداخلت کی۔ اسی دوران پیش آنے والے واقعے میں وہ شہید ہوگئے۔علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
