پاکستان میں پہلی مرتبہ کامیاب CAR T-Cell تھراپی، جدید کینسر علاج میں تاریخی کامیابی

پاکستان نے جدید طبی سائنس کے میدان میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلی مرتبہ CAR T-Cell تھراپی کامیابی سے انجام دے دی، جو کینسر کے جدید اور پیچیدہ علاج میں ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف جدید طبی مہارت حاصل کر رہا ہے بلکہ دنیا کے پیچیدہ ترین علاج فراہم کرنے والے ممالک کی صف میں بھی شامل ہو گیا ہے۔

یہ تاریخی طبی کارنامہ آرمڈ فورسز بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر نے انجام دیا، جہاں آرمی میڈیکل کور کے ماہرین نے کئی برسوں کی تحقیق، محنت اور جدت کے بعد اس جدید علاج کو کامیابی سے ممکن بنایا۔

حکام کے مطابق 21 سالہ مریض اس جدید علاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو چکا ہے، جبکہ علاج کے دوران مریض اور اس کے اہلِ خانہ نے غیرمعمولی حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جہاں CAR T-Cell تھراپی جیسا جدید ترین علاج دستیاب ہے، جس سے ملک میں کینسر کے جدید علاج کی صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ تاریخی کامیابی پاکستان کے نظامِ صحت پر قومی اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی اور اس بات کی عکاس ہے کہ ملک جدید طب اور طبی تحقیق کے میدان میں مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

Exit mobile version