پاکستان اور عالمی میری ٹائم تنظیم کے درمیان بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور عالمی میری ٹائم تنظیم (IMO) نے جہازوں کی ری سائیکلنگ، بحری حکمرانی، بلیو اکانومی اور سمندری ماحول کے تحفظ کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے استنبول میں وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور عالمی میری ٹائم تنظیم کے سیکریٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان کی جانب سے ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بڑے پیمانے پر مینگرووز (Mangroves) کے جنگلات لگانے اور دیگر پائیدار منصوبوں کے ذریعے ساحلی ماحول کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

آئی ایم او کے سیکریٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز نے پاکستان میں بحری شعبے میں ہونے والی اصلاحات کو سراہتے ہوئے جہازوں کی ری سائیکلنگ، بحری نظم و نسق کو مضبوط بنانے اور بلیو اکانومی کی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان کا دورہ کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی تاکہ دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے اور جاری بحری منصوبوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

ملاقات میں دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ محفوظ، پائیدار اور مسابقتی بحری شعبے کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version