پاکستان انڈس واٹرز ٹریٹی کے تقدس کو ہر صورت میں محفوظ رکھے گا: عطا اللہ تارڑ

وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان انڈس واٹرز ٹریٹی کے تقدس کو ہر صورت میں محفوظ رکھے گا اور دریائے سندھ کے پانی پر پاکستان کے ناقابلِ تنسیخ حق کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔اسلام آباد میں انڈس واٹرز ٹریٹی سے متعلق سیمینار کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر 24 کروڑ عوام کے حق کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پانی آنے والی نسلوں کے لیے امن اور مشترکہ خوشحالی کی علامت ہونا چاہیے، اور پاکستان اس عزم پر قائم ہے کہ دریائے سندھ سے جڑی زندگیوں اور معاشی سرگرمیوں کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انڈس واٹرز ٹریٹی کو یکطرفہ طور پر نہ تو تبدیل کیا جا سکتا ہے، نہ منسوخ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی معطل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ باہمی رضامندی سے وجود میں آیا تھا اور اس میں کسی بھی تبدیلی کے لیے بھی دونوں فریقین کی رضامندی ضروری ہے۔انہوں نے بھارت کی جانب سے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوشش کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھارت کو قانونی اور سفارتی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی کمی جیسے چیلنجز کے پیش نظر انڈس واٹرز ٹریٹی کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے یا موجودہ معاہدوں کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوششیں نہ صرف علاقائی امن بلکہ بین الاقوامی قانون کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے پرامن مذاکرات اور معاہدے کی مکمل پاسداری کا حامی رہا ہے، تاہم اگر پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے کی کوئی کوشش کی گئی تو ریاست مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

Exit mobile version