حکومت ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہے، حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے ریلوے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ تیزگام، کراچی ایکسپریس سمیت تمام مسافر ٹرینوں کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش آئندہ سال جون تک مکمل کر لی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ معاشی سرگرمیوں اور مال برداری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 43 انجن فریٹ آپریشنز کے لیے مختص کیے جا رہے ہیں، جبکہ رواں سال کے اختتام تک ریلوے بیڑے میں 16 نئے پاور کوچز شامل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ باقی 90 پاور کوچز کی اوورہالنگ بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بتایا کہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عالمی معیار کے مطابق گارڈز اور ڈرائیورز کے لیے جدید آرام گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسی طرز کی سہولیات جلد لاہور، کراچی، روہڑی اور خانیوال سمیت دیگر بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی فراہم کی جائیں گی۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے مرکزی داخلی راستے کو لاہور ریلوے اسٹیشن کی طرز پر جدید بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے مؤثر اور دانشمندانہ اقدامات کے باعث پاکستان ریلوے کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے، جس سے ادارے کی کارکردگی اور مالی استحکام میں بہتری آ رہی ہے۔

Exit mobile version