اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ کا رابطہ، خطے کی تازہ صورتحال اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad MoU) پر دستخط کے بعد خطے کی تازہ اور تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران بحرین کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور اس پیش رفت میں پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مفاہمتی اقدام خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا جنگ بندی کے حصول کے لیے کی جانے والی بھرپور کوششوں پر ذاتی طور پر شکریہ ادا کر سکیں۔

اسحاق ڈار نے بحرینی وزیر خارجہ کے نیک جذبات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی تعاون کی پالیسی پر کاربند رہے گا۔

Exit mobile version