ایم-13 کھاریاں تا راولپنڈی موٹروے منصوبے پر پیش رفت جاری

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی مؤثر ادارہ جاتی معاونت سے ایم-13 کھاریاں تا راولپنڈی موٹروے منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم-13 موٹروے منصوبے کو اپ گریڈ کرکے 117.2 کلومیٹر طویل چھ رویہ (6 لین) موٹروے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

اپ گریڈ ہونے کے بعد یہ موٹروے موجودہ ایم-2 موٹروے کے مقابلے میں ایک تیز رفتار، محفوظ اور اسٹریٹجک متبادل راستہ فراہم کرے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق، ایس آئی ایف سی نے تعطل کا شکار ایم-12 سیالکوٹ تا کھاریاں موٹروے منصوبے کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ اسی طرح ایم-11 لاہور تا سیالکوٹ موٹروے کو بھی ایس آئی ایف سی کی کوششوں سے چار رویہ (4 لین) سے چھ رویہ (6 لین) کیا جا رہا ہے۔

ایم-11، ایم-12 اور ایم-13 راہداریوں کی تکمیل کے بعد لاہور اور راولپنڈی کے درمیان 50 سے 60 فیصد ٹریفک موجودہ ایم-2 سے نئی راہداری پر منتقل ہو جائے گی۔

یہ راہداری لاہور، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ، افغانستان، چین اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔

منصوبے میں کلر کہار کے مقام پر تین سرنگوں (ٹنلز) کی تعمیر بھی شامل ہے، جس سے اس علاقے میں ٹریفک حادثات کی تعداد میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔

Exit mobile version