اقوامِ متحدہ میں پاکستان نے سوڈان میں فوری طور پر تشدد بند کرنے اور سوڈانی عوام کی قیادت میں، سوڈان کی ملکیت پر مبنی سیاسی عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا ہے۔
یہ مطالبہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں سوڈان کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کی جانب سے شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ملک میں بڑے پیمانے پر انسانی مظالم کا سنگین خطرہ موجود ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے ریپڈ سپورٹ فورسز پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز کریں اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی مکمل پابندی کریں۔
انہوں نے ڈرونز اور جدید ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث شہری ہلاکتوں میں اضافہ، انسانی امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ اور وسیع تر کشیدگی کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔
پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوڈان کی خودمختاری، قومی وحدت، علاقائی سالمیت اور ریاستی اداروں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس تنازع کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، جبکہ سوڈان میں امن اور استحکام کا براہِ راست تعلق پورے افریقی اور عرب خطوں کے امن و سلامتی سے ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے زور دیا کہ سوڈان میں استحکام کی بحالی کو عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری سمجھا جانا چاہیے۔
انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان، اقوامِ متحدہ، علاقائی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ اداروں کی ان کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا جن کا مقصد سوڈان میں تنازع کا خاتمہ، امن کی بحالی اور آئینی نظام کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔
