حج 2026 کے مثالی انتظامات پر وزیراعظم کی وزارتِ مذہبی امور اور نجی حج آرگنائزرز کو مبارکباد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حج 2026 کے کامیاب اور مثالی انتظامات پر وزارتِ مذہبی امور، سرکاری حکام اور نجی حج آرگنائزرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی اداروں اور منتظمین کو ملنے والے بین الاقوامی اعزازات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

اسلام آباد میں حج 2026 کی بہترین کارکردگی پر سعودی حکومت کی جانب سے دیے جانے والے "لبیتم ایکسیلینس ایوارڈ” حاصل کرنے والوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ پاکستانی نجی حج منتظمین نے حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ المعراج منظم کے سربراہ محمد عفان ذیشان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ابراہیم منظم کے سربراہ محمد شاہد رفیق دوسرے اور الفتح منظم کے سربراہ زعیم اختر صدیقی تیسرے نمبر پر رہے۔

وزیراعظم کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو کو بھی حج آپریشنز میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں لبیتم ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، وزارتِ مذہبی امور کے افسران اور عملے کی کاوشوں کو بھی سراہا، جنہوں نے حج 2026 کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی حجاج کو فراہم کی جانے والی اعلیٰ معیار کی خدمات کے اعتراف میں دیے گئے یہ اعزازات پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان نے حج انتظامات کے میدان میں عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور وزارتِ مذہبی امور کی مسلسل محنت کے نتیجے میں حج 2026 کے انتظامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خدمت، دیانت داری اور انتھک محنت ہی قوموں کی ترقی کا راز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج منتظمین اور سرکاری افسران نے اپنی بہترین خدمات کے ذریعے نہ صرف حجاج کرام کی دعائیں حاصل کیں بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئندہ حج سیزن میں بھی یہی جذبہ، محنت اور دیانت داری برقرار رکھی جائے گی اور پاکستان مزید بین الاقوامی اعزازات حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔

Exit mobile version