چین کا پاکستان کی ثالثی اور امن کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی ثالثی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافات کے پرامن حل کی اہمیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔

یہ بات انہوں نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔ گفتگو میں چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلسل سفارتی سرگرمیوں، فعال ثالثی اور امن کے لیے انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی امن و استحکام کے لیے جاری کاوشوں کی قدر کرتا ہے۔

وانگ یی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی قیادت کو امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کے کامیاب عمل اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) پر دستخط کی کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے امن عمل میں چین کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا، بالخصوص صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن منصوبے اور پاکستان-چین کے مشترکہ پانچ نکاتی امن اقدام کو سراہا۔ انہوں نے چینی وزیر خارجہ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) کے قیام کی 105ویں سالگرہ پر بھی مبارکباد دی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری امن عمل، خصوصاً سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے پہلے دور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ثالثی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ جوہری پروگرام، پابندیوں اور نگرانی و تنازعات کے حل سے متعلق تین الگ ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے گئے ہیں، جو آئندہ 60 دنوں کے اندر فریقین کے درمیان حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے کام کریں گے۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین فریقین کے درمیان مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے، دشمنیوں کے مستقل خاتمے، خطے میں پائیدار امن، مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

Exit mobile version